لاہور: (دنیا نیوز) عید الفطر کے لیے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے لیکن کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ اوقاف، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے شریک ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے چاند بارے شہادتیں اکٹھی کر کے باضابطہ اعلان کرے گی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، ڈی جی اوقاف آصف علی فرخ کے مطابق لاہور میں چاند نظر آنے کا وقت ختم ہو گیا، لاہور میں چاند نظر آنے کا وقت 6:36 سے 6:57 تک تھا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی اوقاف آصف علی فرخ نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کی حد تک چاند نظر نہیں آیا، چاند نظر آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔
اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین یہ امکان ظاہر کر چکے ہیں کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے۔
زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کا اجلاس اوقاف ہال میں جاری ہے، حافظ عبدالغفور نے کہا کہ پشاور میں ہمیں چاند نظر نہیں آیا اور تاحال کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی، جب تک مرکز کا اجلاس جاری ہے ہم بیٹھے رہیں گے، کوئی بھی شہادت موصول ہوئی تو اس کی شرعی حیثیت جانچنے کے بعد مرکز کو بتایا جائے گا۔