عمران کیلئے زیادہ مقدمات میں پیشی کو ناممکن قرار دینے والی عدلیہ کے ضابطے بھٹو خاندان کیلئے الگ کیوں؟ فیصل کنڈی

Published On 17 May,2023 06:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے زیادہ مقدمات میں پیشی کو ناممکن قرار دینے والی عدلیہ کے ضابطے بھٹو خاندان کیلئے الگ کیوں؟

فیصل کنڈی نے کہا کہ ایک انسان کیلئے اتنے مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں ریمارکس سن کر بہت خوشی ہوئی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لئے عدالتوں کا رویہ بالکل مختلف تھا، بینظیر بھٹو ایک دن کراچی دوسرے دن لاہور اور تیسرے دن پنڈی کی عدالتوں میں پیش ہوتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ کیلئے کسی جج نے نہیں کہا کہ ایک خاتون اپنی علیل والدہ کی تیمارداری کرے یا روز عدالتوں میں پیش ہو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف اخباری تراشے کو ثبوت مانا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول زرداری سے پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سوسنگ پئیو کی ملاقات

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان کو ریلیف دینے والے ججوں کو کوئی آگاہ کرے کہ آصف زرداری کا جیل میں ٹرائل ہوا تھا، عمران خان کے سہولت کار جواب دیں کہ صدر آصف علی زرداری کو بکتر بند گاڑی میں جیل سے عدالت کیوں لایا جاتا تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج عدالتیں آئندہ سماعت کی تاریخ لاڈلے ملزم کی صوابدید پر دیتی ہیں، عمران خان کے لیے ججوں کی جانب سے خوشی اور نیک تمناؤں کے اظہار پر سوال تو اٹھیں گے۔