اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری اور درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے کہا کہ اسد عمر کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، پولیس اس کی تفصیلات فراہم کرے ۔
یہ بھی پڑھیں :اسدعمر کواسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کر لیا گیا
اسد عمر کے وکیل بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمارے کیسز پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردیں ، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا آپ ادھر اپنا ویک اینڈ انجوائے کرنا چاہتے ہیں؟۔ عدالت کے استفسار پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما و سیکرٹری جنرل اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔