لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے 8 نوجوانوں کے لواحقین سے ملاقات کی، اس موقع پر محسن رضا نقوی نے 15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے جاں بحق نوجوانوں غلام میراں، اظہر اشرف، عمیر احمد، شاہنواز، بلال جیلانی، ولید ابرار، راحیل محمود اور رحیم خان کے لواحقین سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور جاں بحق نوجوانوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، نگران وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کے خاندانوں کو دلاسہ دیا اور صبر جمیل کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جاں بحق نوجوان اپنے خاندانوں کا سہارا تھے، پنجاب حکومت کی طرف سے مالی امداد آپ کے پیاروں کی جان کا نعم البدل نہیں، جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، جاں بحق نوجوانوں کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، 8 نوجوانوں کا حادثے میں دنیا سے چلے جانا سانحہ سے کم نہیں۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے، زخمی نوجوانوں کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم زخمی نوجوانوں کے علاج معالجے کی خود مانیٹرنگ کریں گے، ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ڈیڈ باڈیز کی تلاش کے لئے دن رات کام کیا۔