اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کو 6 ہفتوں میں جائیدادوں کے تنازع سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے پیشرفت سے متعلق آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
ای او بی آئی کیس میں متاثرین کے وکیل مخدوم علی خان نے 10 سال سے ادائیگیاں نہ ہونے کا نکتہ اٹھایا تو چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا 10 سال کے مقابلے میں آج پراپرٹی کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جن کے کروڑوں پھنسے ہوئے ہیں وہ بھی پاکستانی شہری ہیں، ای او بی آئی ایک بڑا ادارہ ہے، اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کریں، امید ہے ای او بی آئی دیانت داری کے ساتھ فیصلہ کرے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جن کے پیسے واپس کرنے ہیں واپس کریں، ورنہ پراپرٹی ان کے حوالے کی جائے، اس مسئلے کا ای او بی آئی کو حل نکالنا ہوگا۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے ای او بی آٸی حکام کی مہلت کی استدعا پر کیس کی مزید سماعت اگست تک ملتوی کردی۔