توہین الیکشن کمیشن کیس: چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

Published On 20 June,2023 10:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چودھری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات پر محفوظ فیصلہ سنایا، فریقین کی جانب سے وکیل فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چودھری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی استعمال کرنے کا اختیار ہے۔

دوران سماعت وکیل فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا گزشتہ سماعت کا کوئی آرڈر موصول نہیں ہوا، ممبر نثار درانی نے کہا کہ فریقین آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔