لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے کی جانب سے سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں عدالت نے سلیمان شہباز سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر جے آئی ٹی سے جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے جے آئی ٹی کو 30 سوالوں پر مشتمل سوالنامے کا جواب بھی جمع کرانے کی ہدایت کر دی، عدالت نے حکم دیا کہ اس مقدمے میں جو جے آئی ٹی بنائی گئی تھی وہ جے آئی ٹی مکمل ریکارڈ پیش کرے۔
عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ریکارڈ پیش کرنے اور سوالات کے جواب دینے کے لیے ڈائریکٹر کے تقرر کی ہدایت کر دی۔
جج بخت فخر بہزاد نے کہا کہ اس مقدمے کے تمام تفتیشی بھی آئندہ سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں، اس کے بعد عدالت نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی۔