پسرور، نارووال اور شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق، 6 زخمی

Published On 25 June,2023 08:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پسرور، شیخوپورہ اور نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع نارووال میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، واقعات نارووال کے نواحی علاقوں چانگو والی، پنج پیر، رتیہ خورد ، کانگو والی میں پیش آئے، بجلی گرنے کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی 2 مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، منڈیالہ ورکاں میں بھینسوں کے باڑے میں موجود ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

چک شاہ پور میں قبرستان میں بیٹھے 3 افراد بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ گئے، جن میں سے 1 جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، شرق پور روڈ گرڈ سٹیشن میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔

پسرور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے، نواحی گاؤں ٹھٹھہ ملکھی میں ایک شخص آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا جبکہ محلہ بھگت پورہ میں 13 سال کا بچہ عبدالقیوم آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔

گاؤں بھلر کے رہائشی محمود احمد اور شبیر احمد کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اسی دوران آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، دونوں کو گھر نہ پہنچنے پر تلاش کیا گیا تو ان کی لاشیں کھیتوں سے مل گئیں۔