کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کراچی، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، عمرکوٹ، تھرپارکر، نوشہرو فیروز، خیرپور، گھوٹکی اور شکارپور میں 400 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، مسافروں کی شکایات پر ٹرانسپورٹرز پر مجموعی طور پر 247000 کے جرمانے بھی عائد کیے اور اضافی کرائے کی رقم 413400 واپس کرائی گئی۔
کراچی میں 41، میرپورخاص میں 43، شہید بینظیر آباد میں 25، سکھر میں 47 ، لاڑکانہ میں 48، ٹھٹھہ میں 26، عمرکوٹ میں 20، تھرپارکر میں 20، نوشہرو فیروز میں 12، خیرپور میں 35، گھوٹکی میں 55، شکارپور میں 28 گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر منافع خوری کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، مسافروں کو ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا، کسی کو بھی مسافروں کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔