لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بارش کے پانی کے نکاس کے عمل کا جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کلمہ چوک انڈر پاس، کیپٹن معین شہید انڈر پاس اور لبرٹی مارکیٹ کا معائنہ کیا اور نکاسی آب کے حوالے سے انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کے نکاس کیلئے متعلقہ ادارے پوری طرح متحرک ہیں، شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے صوبائی وزراء اور حکومتی مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بارش کے بعد حکومت کے بروقت اقدامات سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جن علاقوں میں ابھی تک بارش کا پانی موجود ہے وہاں نکاسی آب کیلئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واسا کا عملہ پوری طرح متحرک رہے۔