اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور یورپی یونین کا 13 واں مشترکہ کمیشن اجلاس ہوا، جس میں یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برسلز میں ہونے والے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کے 13 ویں اجلاس میں یورپی یونین نے سٹاک ہوم میں منعقدہ وزارتی فورم میں پاکستان کی شرکت کا خیر مقدم کیا، اس موقع پر دوطرفہ تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یورپی یونین نے یوکرین کیخلاف جنگ کے حوالے سے اپنے موقف کا اعادہ کیا، دونوں فریقوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اس کے علاوہ پاکستان اور یورپی یونین نے خوراک، توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کے حوالے سے تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا۔