لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر و سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں علیم خان کا کہنا تھا کہ سویڈن حکومت کی اجازت کے ساتھ عید کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی دلخراش، قابلِ مذمت اور شرمناک ہے، اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے دل مجروح کرنا مغربی رہنماؤں کی بیمار سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ایسے واقعات کا مقصد مسلمانوں میں غم و غصہ اور اشتعال پیدا کرنا ہے، مغرب کو جان لینا چاہیے کہ دوسرے مذاہب اور مقدس ہستیوں کی توہین کبھی بھی اظہار رائے کی آزادی نہیں کہلا سکتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور دیگر مسلم حکومتوں کو چاہیے کہ وہ ہر انٹرنیشنل فورم پر اس گھناؤنی حرکت کے خلاف نہ صرف احتجاج کریں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات بھی کریں۔