عام انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں طلب کر لیں

Published On 01 July,2023 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات کے حصول کیلئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات برائے 2023ء کیلئے سیاسی جماعتیں انتخابی نشانات کے حصول کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت اہل ہیں، تمام جماعتیں رولز نمبر 162 کے تحت کسی ایک انتخابی نشان کے حصول کیلئے درخواست جمع کروائیں، پارٹی سربراہ کی دستخط شدہ درخواستیں 19 جولائی تک الیکشن کمیشن کو موصول ہو جانی چاہئیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اہلیت الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 215 کی روشنی میں پرکھی جائے گی، وہ سیاسی پارٹیاں جنہوں نے فروری، مارچ میں پنجاب اور کے پی میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے درخواست دی تھی وہ دوبارہ درخواست دینے کے پابند ہیں، نامکمل اور فیکس کے ذریعے موصول ہونے والی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ مقررہ تاریخ 19 جولائی کہ بعد ملنے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا، انتخابی نشانات کے حصول کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 206 کے منسلکہ نمونہ (AFFIDAVIT) کا لف ہونا ضروری ہے۔