علی پورچٹھہ : ٹریفک حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق

Published On 12 July,2023 02:28 am

علی پورچٹھہ : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے شہر وزیرآباد کی تحصیل علی پورچٹھہ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جامکے چٹھہ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹرک کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی ایمن آباد گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں جن کی شناخت محمد اصغر اور نسرین کے نام سے ہوئی جبکہ حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار ان کی بیٹی 18 سالہ رمشا معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق رمشا نے بتایا کہ حادثہ ان کے والد اصغر کو چکر آنے پر پیش آیا اور ورثا کا کہنا تھا کہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے جس کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔