پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنانے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان، سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی اور سابق وزیراشتیاق ارمڑ بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے کئی سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت ہے۔
پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ 57 سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز ان سے رابطے میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزخٹک نے خیبر پختونخوا کے 13 سابق ممبران اسمبلی سے رابطہ کیا جس میں سے 6 نے معذرت کی، پرویزخٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چودھری سے بھی رابطہ کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات اور انہیں اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی اس پر پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔
سانحہ 9 مئی کی مذمت
ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سانحہ 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہو گیا ہے۔