صوبہ میں انتشار پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

Published On 20 July,2023 11:03 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی جغرافیائی و سیاسی اہمیت ہے، بلوچستان میں دہشتگردی اور فرقہ واریت پر قابو پانے کی اشد ضرورت ہے، صوبہ میں انتشار پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

وزیر مملکت برائے توانائی ہاشم نوتیزئی اور بلوچستان کی ایم پی اے شکیلہ نوید کے ساتھ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ایک گاؤں میں کئی دنوں سے بحرانی کیفیت ہے، ایک دہشت گرد دندناتا پھر رہا ہے ، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ اپنے حقوق کی آواز جمہوری انداز سے اٹھاتے ہیں، گزشتہ رات اختر مینگل کی رہائش گاہ پر گولے پھینکے گئے جو لوگ بلوچستان میں انتشار پیدا کرنےکی کوشش کر رہے ہیں وہ ریاست کا بھلا نہیں کر رہے۔

آغا حسن بلوچ نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ہمیں مل بیٹھ کے مسائل پہ بات کرنی چاہئے، ہم سیاسی ورکرز ہیں اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، سیاسی کارکن کی حیثیت سے اعلیٰ حکام سے درخواست ہے کہ وہ بلوچستان میں سر اٹھاتی فرقہ واریت، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے واقعات کا فوری نوٹس لیں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہمیں اس ملک کے مفاد کا سوچنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کر کے ان کے سامنے درپیش مسائل اٹھائیں گے۔