اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم نے نعیم حیدر پنجوتھا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے دوسرے وکیل خواجہ حارث کو بھی آج طلب کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل وکیل نعیم حیدر پنجوتھا کو جج ہمایوں دلاور کی پوسٹس کے معاملے پر گزشتہ روز 10 بجے طلب کیا گیا تھا، ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے نعیم حیدر پنجوتھا سے 7 گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ جاری رہی، جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد میں طویل موجودگی کے باعث ساتھی وکلاء نے نعیم حیدر پنجوتھا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا جس کے بعد الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر نعیم حیدر کو حراست میں لینے کی خبریں گردش کرنے لگیں، تاہم ایف آئی اے کی جانب سے تردید سامنے آئی۔
وکیل نعیم حیدر پنجوتھا سے پوچھ گچھ کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے اہم رکن خواجہ محمد حارث ایڈووکیٹ کو بھی ایف آئی اے سائبر کرائم نے طلب کر لیا ہے، توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو آج 2 بجے ایف آئی اے آفس حاضر ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔