قصور: (دنیا نیوز) دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث سکولوں کی چھٹیوں میں 28 اگست تک توسیع کر دی گئی، مزید 400 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
کمشنر لاہور کے مطابق گزشتہ روز تلوار پوسٹ پر پانی کا بہاؤ 2لاکھ 22ہزار 955 کیوسک تھا، دریائے ستلج میں تلوار پوسٹ پر چوبیس گھنٹوں کے بعد پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 57 ہزار کیوسک ہے۔
محمد علی رندھاوا نے مزید بتایا 400 لوگوں کو ریسکیو اور 179 کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 11 میڈیکل کیمپس سے 7121 افراد کو طبی امداد و ادویات دی گئیں، تلوار پوسٹ پر موبائل ہسپتال میں 1060 لوگوں کا علاج معالجہ کیا گیا۔
کمشنر لاہور کے مطابق دریائے ستلج کے متاثرہ علاقوں میں بوٹس اور بیڑے مسلسل چکر لگا رہے ہیں، ہر چھوٹے بڑے دیہی علاقے کو چیک کیا جارہا ہے، تلوار پوسٹ پر پوری انتظامی مشینری کا فل بیس کیمپ قائم ہے۔
محمد علی رندھاوا نے کہا ریلیف آپریشن کی براہ راست نگرانی کی جارہی ہے، تمام محکمے دن رات متاثرین کی مدد و بحالی میں مصروف ہیں، 24 گھنٹے ڈیوٹی روسٹر کی مطابق ٹیمیں موجود ہیں۔
کمشنر لاہور کے مطابق سیلابی ایریاز سے 23 ہزار 764 افراد کو اب تک ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، سیلابی علاقوں سے 16 ہزار جانوروں کو بیڑوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
کمشنر لاہور نے کہا دفعہ 144کے تحت خالی کرائے گئے 15 دیہاتوں کی حفاظت کیلئے 8 پولیس چوکیاں قائم کردی گئی ہیں، ریسکیو بوٹس، بیڑے مسلسل سیلابی علاقوں میں متحرک ہیں، سیلاب سے متاثرہ ایریاز میں 13 فلڈ ریلیف کیمپس، 11 میڈیکل کیمپس اور 4 لائیو سٹاک کیمپس کام کررہے ہیں۔
محمد علی رندھاوا کے مطابق جانوروں کو چارہ اور ونڈا بھی مہیا کیا جارہا ہے، سیلاب کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، متاثرین کی مکمل مدد کی جارہی ہے۔