پشاور: (دنیا نیوز) بٹگرام میں چیئر لفٹ حادثے کے بعد خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں درجنوں مقامی چیئر لفٹس کو بند کردیا گیا۔
سوات، شانگلہ، بونیر، دیر لوئر، دیر اپر، چترال، ہری پورمیں چیئر لفٹس بند کی گئی ہیں، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی مقامی چیئر لفٹس چلائی جا رہی تھیں جبکہ بٹگرام، کوہستان، کولائی پالس میں سیکڑوں ڈولیاں کیبل تار یا رسیوں سے آپریٹ ہوتی ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مقامی چیئر لفٹس، ڈولیوں کے معائنے کی ہدایت کی گئی ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چیئر لفٹس بندش سے مقامی افراد کو خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں میں دیگر دیہات، سکولوں، بازاروں تک رسائی کیلئے مقامی ڈولیاں استعمال ہوتی ہیں، لفٹس بندش سے بیشتر بچے سکول جانے سے بھی قاصر ہیں، لفٹس کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔