پشاور : (دنیانیوز) بٹگرام چیئر لفٹ واقعے کے بعد چیئر لفٹ کے مالک گل زرین اور آپریٹراعجاز کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق سرکاری اجازت نامے کی عدم دستیابی کی بنا پر پاشتو چیئر لفٹ کو سیل کر دیا گیا، پاشتو چیئر لفٹ کو غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر تھانہ لائی میں درج کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پاشتو سے تھانہ بنہ منتقل کیا جا رہا ہے ، ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 3 دفعات شامل ہوں گی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز بٹگرام میں چیئر لفٹ ہوا میں معلق ہوگئی تھی جس میں 8 افراد سوار تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں پاشتو کے مقام پر کیبل کار کی رسی ٹوٹنے کے بعد 8 افراد پھنس گئے تھے جنہیں کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔