مذہبی سکالرز قرآن و سنت کی روشنی میں معاشی، اخلاقی، معاشرتی مسائل کا حل پیش کریں، انیق احمد

Published On 24 August,2023 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا مذہبی سکالرز قرآن و سنت کی روشنی میں معاشی، اخلاقی، معاشرتی مسائل کا حل پیش کریں۔

نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد سے مذہبی سکالرز نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، انیق احمد نے کہا مذہبی سکالرز قرآن و سنت کی روشنی میں معاشی، اخلاقی اور معاشرتی مسائل کا حل پیش کریں، میرا مقصد وزارت میں اپنے مختصر قیام کو خلق خدا کیلئے مفید بنانا ہے۔

انیق احمد نے کہا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ قرآن کریم سے کافی شغف رکھتے ہیں، انہوں نے کہا میں قرآن اور سیرت النبیﷺ کا ادنیٰ طالب علم ہوں، علماء کرام اور سکالرز سے دلی لگاؤ ہے، 12 ربیع الاوّل کو مذہبی عقیدت کے ساتھ سیرت النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

مذہبی سکالرز نے نگران وزیر مذہبی امور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، مذہبی سکالروں نے کہا مقابلہ کتب سیرت کے انعقاد سے معاشرے میں سیرت النبیﷺ کی ترویج میں مدد ملتی ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، پروفیسر ڈاکٹر جمیلہ شوکت، ڈاکٹر اکرام الحق یاسین، پروفیسر باقر خاکوانی، ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان، ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈاکٹر محمد الیاس ، ڈاکٹر محمد سجاد، پروفیسر ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر جنید مغل، ڈاکٹر یوسف فاروقی شامل تھے۔