سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیاں، صوبائی وزراء کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت

Published On 24 August,2023 10:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24 واں اجلاس ہوا، اجلاس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کیلئے صوبائی وزراء کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایات دی گئیں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، صوبائی وزراء، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اوراسسٹنٹ کمشنرز سمیت ریسکیو1122 کی دن رات محنت کو سراہا، نگران وزیراعلیٰ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کرنے والے صوبائی وزراء نے ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹس پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم

اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا موٹر وہیکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر 5 فیصد رعایت جون2024 تک برقرار رہے گی، اجلاس میں میوہسپتال کا نیا او پی ڈی بلاک بنانے کی بھی منظوری دی گئی، کارڈیک انسٹی ٹیوشنز اور ٹریثری کیئر ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس میں انجیو گرافی سروسز کو آؤٹ سورس کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

اجلاس میں بتایا گیا ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کے علاج کیلئے مزید 20 کیتھ لیب کا اضافہ ہوگا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس کو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، رام پیاری محل گجرات کی تاریخی بلڈنگ کی بحالی و تحفظ کا انتظام لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

صوبائی کابینہ نے محکمہ ایکسائز کے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے کنٹریکٹ ملازمین کی ملازمت میں توسیع کی بھی منظوری دی، طاہر یعقوب بھٹی کے بطورصدر مستعفی ہونے پر پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے مستقل صدر کی بھرتی اور قائم مقام پوسٹنگ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

مزار بابا بلھے شاہ ؒ قصور کی تزئین و آرائش اور تعمیر و بحالی کیلئے فنڈز کی بھی منظوری دی گئی، صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔