اسلام آباد، کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم اسلام آباد میں تیزہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا، تاہم چترال، بنیر، مانسہرہ، بالاکوٹ، خیبر، کوہاٹ، وزیرستان، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور سرگودھا میں بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 26.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔