کراچی: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے جنت کے ٹھیکیدار ہم نہیں، یہ اللہ کا معاملہ ہے۔
کراچی میں انیق احمد نے جامعہ بنوریہ کے طلباء و اساتذہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیق احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انوار الحق نے کچھ ہدایات جاری کی ہے ان پر عمل کرنا ہے، جس طرح حرف تہجی میں س اور ش ساتھ ساتھ ہیں اسی طرح شیعہ سنی ساتھ ساتھ ہیں، ہمارے معاشرے سے اعتراض ختم ہو جائے تو سب ٹھیک ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ سختیاں اور منافقت سب کو ختم ہونا چاہیے، اگلا الیکشن سازگار ماحول میں ہونا چاہیے، قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے مایوسی کفر ہے، جنت کے ٹھیکیدار ہم نہیں یہ اللہ کا معاملہ ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے پر کام ہو رہا ہے، ہم حجاج کی بہترین خدمت کرنا چاہتے ہیں۔