لاہور ماسٹر پلان میں پرویزالہٰی اور انکے بیٹے نے 10 ارب کا فائدہ اٹھایا، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب

Published On 06 September,2023 06:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے کہا لاہور ماسٹر پلان میں پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے نے 10 ارب کا فائدہ اٹھایا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفرچٹھہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لاہور ماسٹر پلان میں اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا،پرویزالہٰی اوران کے صاحبزادے نے ہیرا پھیری کرکے 10 ارب کا فائدہ اٹھایا، رولز کے خلاف لاہور کے ماسٹر پلان کی منظوری لی گئی، لاہور کے ماسٹرپلان کی چودھری پرویزالہٰی نے منظوری دی تھی۔

سہیل ظفر چٹھہ نے کہا لاہور ماسٹر پلان کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، کوٹلہ ابوبکر کو جعلسازی سے لاہور ماسٹر پلان میں شامل کیا گیا، کوٹلہ ابوبکرکا لاہور سے 50 کلومیٹرکا فاصلہ ہے، لاہور ماسٹر پلان میں خلاف قانون چیزیں سامنےآ رہی تھی۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے مزید بتایا محمد خان بھٹی کو غیرقانونی طریقے سے گریڈ 22 دیا گیا، پرویزالہٰی نے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیاں بھی کیں، پرویزالہٰی کی قصور کی زمین کی دستاویز بھی اصلی نہیں ہیں، اس معاملے پر ہم نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔