کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا تجاوزات، قبضہ مافیا، منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت کوئٹہ کے مسائل اور حل کے بارے میں جائزہ اجلاس ہوا، نگران صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس سمیت دیگر سیکرٹریز نے بھی شرکت کی، کمشنر کوئٹہ، ایم ڈی واسا، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ اور ڈی سی نے شہر کے مسائل اور ان کے حل کے لئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
کمشنر کوئٹہ نے بتایا شہر میں صحت و صفائی اور تجاوزات کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی میں چار گودام سیل کئے گئے، مصنوعی مہنگائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہے، واسا کے اشتراک سے غیر قانونی ٹیوب ویلز اور ٹینکر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا شہر کی خوبصورتی کی بحالی اور سہولیات میں اضافہ ضروری ہے، شہر کو صحت و صفائی کے فقدان اور ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے، تجاوزات، ملاوٹ، گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی، قبضہ مافیہ، ٹریفک، منشیات شہر کے دیرینہ مسائل ہیں، شہریوں کے لئے زحمت اور مسائل کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کوئٹہ پیکج کی جلد از جلد تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔