کراچی: (دنیا نیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام تھیٹر کے بین الاقوامی میلے پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023ء کا رنگا رنگ افتتاح ہو گیا۔
میلے کے افتتاح کے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ احمد شاہ کو اس اقدام پر مبارکباد دیتا ہوں، احمد شاہ کراچی سمیت ملک بھرمیں اس طرح کے ایونٹ کرواتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اس ایونٹ کے لیے جس بھی سپورٹ کی ضرورت ہو گی، ہم ضرور کریں گے، گورنر پنجاب بھی آج ہمارے ساتھ موجود ہیں، گورنر پنجاب کی وجہ سے پاکستان میں تعلیم کا نظام بہت بہتر ہوا ہے، گورنر پنجاب کو سندھ میں خوش آمدید کہتا ہوں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ آرٹ اور ثقافت لوگوں کو ملاتے ہیں، تھیٹر سے مثبت پیغام دنیا تک جاتا ہے، یہ دیکھ کر خوشی ہوٸی کہ پاکستانی اور دنیا کی مختلف زبانوں میں تھیٹر پیش کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ محبتیں پھیلتی رہنی چاہئیں اور مثبت پیغام آگے جانا چاہیے۔