تبت: (دنیا نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے چین کے شہر تبت میں افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی امن اور استحکام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے نگران وزیرخارجہ جلیل عباس خود مختار تبت میں 4 سے 5 اکتوبر تک منعقد ہونے والے ٹرانس، ہمالیائی فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) October 5, 2023
دفترخارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور اس دوران افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ جلیل عباس جیلانی نے زور دیا کہ خطے کے امن اور استحکام کو درپیش مشکلات کو مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے باہمی تعاون کے تحت حل کرنا چاہئے۔