کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 3 یوسیز سے ضمنی بلدیاتی انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا۔
مرتضٰی وہاب کی جانب سے آر او آفس میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے گئے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں، جن لوگوں نے 70 سے 75 برسوں تک کراچی کو خراب کیا ان سے سوال پوچھیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہائیڈرنٹ، وال مین مافیا کے خلاف کارروائی چل رہی ہے۔
انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمٰن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الرحمٰن میرے بڑے ہیں میں ان کا احترام کرتا ہوں، میں سیاسی بغض رکھنے والا نہیں، نعیم الرحمٰن کو ساتھ چلنے کی آفر بھی کی، سیاسی نکتہ چینی کو سائیڈ پر رکھیں، میرے لیے تمام چیئرمینز قابل احترام ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے الیکشن ہوں اور منصفانہ ہوں، جب ٹاؤن چیئرمینز سے ملتا ہوں تو حافظ نعیم ناراض ہوجاتے ہیں، وقت ثابت کرے گا کہ کون کیا ہے اور کس کیپیسٹی میں ہے۔