مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن نہیں ہوسکتا: نگران وزیراعظم

Published On 12 October,2023 08:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے نے ملاقات کی، وزیراعظم نے او آئی سی کے وفد کے دورہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے کشمیر کاز کی حمایت میں او آئی سی کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو واپس آکر قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، نگران وزیراعظم

وزیر اعظم نے وفد سے 5 اگست 2019ء کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کا ذکر کیا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کو او آئی سی سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں کشیدگی کی جڑ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں امن کے قیام کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے پرعزم ہے، وزیراعظم نے دنیا بھر میں خاص طور پر ہندوتوا کی شکل میں اسلاموفوبیا کے عروج پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلاموفوبیا عالمی امن اور سلامتی کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو واپس آکر قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم نے اسلاموفوبیا قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا، یوسف الدوبے نے وزیراعظم کو جموں و کشمیر کے تنازع پر او آئی سی کے اصولی مؤقف کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ او آئی سی کشمیر کاز کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔