کراچی: تیز ہواؤں کیساتھ ہلکی بارش، ایئرپورٹ سمیت مختلف علاقوں کی بجلی بند

Published On 16 October,2023 03:01 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

گڈاپ، صفورا، کاٹھور، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ملیر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، بفر زون، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سرجانی، ناگن چورنگی، نیا ناظم آباد اور معمار سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہوئی، جس کے بعد کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا۔

سسٹم متاثر ہونے کی وجہ سے شہر قائد کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ملیر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، بفرزون، گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت مختلف علاقوں میں بجلی بند رہی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے باعث جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندرون ملک روانگی لاؤنج کے علاہ دیگر بلڈنگز کی بجلی بھی متاثر ہوئی، جناح ٹرمینل کے سٹینڈ بائی جنریٹر سسٹم بھی خراب پائے گئے جس کی وجہ سے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بعدازاں بجلی بحال کر دی گئی۔