بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کریں گے: نگران وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

Published On 21 October,2023 07:24 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کر کے معاشرے کا مفید شہری بنائیں گے۔

وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں سابق وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ، ایڈیشنل سیکرٹری محنت و افرادی قوت زوار علی ہزارہ، ڈائریکٹر لیبر ارشاد احمد بلوچ اور پرنسپل شعیب انور شیرازی نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پرنسپل ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ شعیب انور شیرازی نے نگران وفاقی وزیرمدد علی سندھی کو ٹی ٹی سی میں ہونے والے فنی تعلیم کے کورسز، شارٹ کورسز اور ادارے کی مجموعی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا جس پر مدد علی سندھی نے اپنی وزارت اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا کہ نوجوان نسل کو ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ دے کر انہیں عصر حاضر کی مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر نیوٹیک اور دیگر اداروں کی معاونت سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائینگے تاکہ مستقبل کے معمار اپنے خاندان اور معاشرے پر بوجھ بننے کے بجائے اپنے ہنر و فنی تربیت کی بنیاد پر باعزت روزی کما سکیں۔

مدد علی سندھی کا کہنا تھا کہ طالب علموں کو ہنرمند بنانے کے لیے ٹی ٹی سی کوئٹہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں کیونکہ فنی مہارت اور پیشہ ورانہ تعلیم ہی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ و سکالرشپ دینےکے ساتھ فنی تربیت دینے کے لیے تمام ٹیکنیکل سینٹرز کو جدید آلات اور وسائل مہیا کیے جائینگے۔