اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ طور خم بارڈر پر بڑی تعداد میں افغان شہری واپس جا رہے ہیں، یکم نومبر کے بعد غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
دنیا نیوز کے پروگرام "دنیا کامران خان کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی بھی ملک میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو رہنے کی اجازت نہیں، غیرقانونی کاروبار، پراپرٹی رکھنے والوں کے خلاف ایکشن ہو گا، نادرا کا جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یہ تاثردرست نہیں کہ آپریشن صرف افغان شہریوں کے لیے ہو رہا ہے، تمام ممالک کے غیرقانونی مقیم شہریوں کے لیے یہ ڈیڈ لائن ہے، لیگل طور پر رہنے والے ہمارے مہمان ہیں ان کو نہیں چھیڑنا۔
نگران وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم نے دنیا کے سرمایہ کاروں کے لیے بزنس پالیسی بنائی ہے، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، افغان سرمایہ کاروں کو بھی "ویلکم" کہیں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی کو سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے، سمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، 100 فیصد سمگلنگ کو روکنے کے لیے وقت لگے گا۔