دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے نہیں ہو سکتے: خالد مقبول صدیقی

Published On 29 October,2023 11:10 pm

لیاقت آباد: (دنیا نیوز) سربراہ ایم کیو ایم پاکستان اور سابق وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے دھرتی ماں نہیں ہو سکتے، ہم آمریت اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف کھڑے ہیں۔

لیاقت آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایک بار پھر ایم کیو ایم جبر کیخلاف کھڑی ہے، آج ایم کیو ایم آمریت اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف لیاقت آباد میں کھڑی ہے، پاکستان کا ضمیر جواب دے کہ جو 2 سو لوگ لاپتہ ہیں وہ کون ہیں، جو ہزاروں معصوم لوگ بلا جواز مارے گئے ان کو انصاف کون دے گا؟۔

فاروق ستار کے خطاب کیلئے یہ پڑھیں: کراچی میں 15 سال سے صرف لوٹ مار اور بدعنوانی ہے، فاروق ستار

انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کے لوگ اپنے حصے کی آزادی اور سب کیلئے پاکستان اپنے کندھوں پر اٹھا کر لائے تھے، ہمیں مزید دیوارسے لگایا گیا تو اب یہ دیوار اس قابل نہیں، یہ گر جائے گی، پاکستان کو تینوں صوبے مل کر 16 سو 40 ارب دیتے ہیں، صرف کراچی ہی 1 ہزار 40 ارب پاکستان کے خزانوں میں دے دیتا ہے۔

مصفطیٰ کمال کے خطاب کیلئے یہ پڑھیں: کراچی کو ایم کیو ایم نے سنوارا، پیپلز پارٹی قبضہ چاہتی ہے، مصطفیٰ کمال

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ صوبوں کو بھی ایک ایڈمنسٹریٹو یونٹ سمجھتی ہے، پاکستان بنانے، بچانے اور چلانے کی ذمہ داری لیاقت آباد والوں پر آ رہی ہے، اب ایوان اور بیلٹ فیصلہ نہیں کرے گا تو روڈ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔