لیاقت آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سوا کراچی کو کوئی سنوارنے والا نہیں، پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔
لیاقت آباد جلسے سے خطاب میں رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لیاقت آباد والوں نے آج بتا دیا کہ کراچی پاکستان کو لیڈ کرے گا، بڑی پارٹیاں بھی کراچی میں اتنے لوگ جمع نہیں کر سکتیں جتنے آج لیاقت آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 15 سال حکمرانی کر کے کراچی کو بھی لاڑکانہ بنا دیا، دنیا چاند پر جا رہی تھی اور پچھلے 15 سالوں سے لوگ گٹر میں گر کر مر رہے تھے، کراچی میں جتنے بھی کام ہوئے وہ صرف ایم کیو ایم کے زمانے میں ہوئے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایسا کچھ نہیں کیا کہ وہ کراچی اور مہاجر قوم کا ووٹ لے، پیپلز پارٹی پیسے پھینک کر کراچی سے بائیکاٹ کروانا چاہ رہی ہے، پروف کے ساتھ کہتا ہوں کہ بائیکاٹ کی کال پیپلز پارٹی سے پیسے لے کر کی جا رہی ہے۔