لیاقت آباد: (دنیا نیوز) ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو آگے لے کر جانا ہے تو کراچی کے وارثوں کے حوالے کیا جائے، کراچی میں 15 سال سے صرف لوٹ مار اور بدعنوانی ہے۔
لیاقت آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج لیاقت آباد کے عوام نے ایم کیو ایم کا پرچم تھام کر ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، آنے والی انتخابات کی مہم میں آسمانوں پر صرف ایم کیوایم کی پتنگیں ہی ہوں گی، لیاقت آباد کا علاقہ قیام پاکستان کے ورثا اور شہادتوں کی امانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مطالبہ کرتی ہے کہ لیاقت آباد اور کراچی کے لاپتہ ساتھیوں کو فی الفور بازیاب کروایا جائے، ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان آئین پاکستان اور قانون پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کو جوڑنے کیلئے لاپتہ کارکنان کی بازیابی ضروری ہے، لاپتہ کارکنان کی بازیابی کا مطالبہ لیاقت آباد سےاسلام آباد جانا چاہیے۔
فاروق ستار نے کہا کہ لیاقت آباد منی پاکستان ہے، یہاں تمام قومیتوں کے لوگ آباد ہیں، اگر لیاقت آباد اٹھ جائے تو اسلام آباد کی حکومتیں بیٹھ جائیں، لیاقت آباد کی تاجر اتنا ٹیکس دیتے ہیں جتنا ٹیکس پورے لاہور سے بھی جمع نہیں ہوتا، پاکستان کا پاور بینک کراچی اور کراچی کا پاور بینک ایم کیوایم پاکستان ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آگئے تو پھر کراچی کو بھی اب قومی دھارے میں ضرور واپس آنا چاہیے، کراچی کے ساتھ بھی اب انصاف اور اول درجے کے شہریوں جیسا سلوک ہونا چاہیے۔