چیئرمین کی ہدایت پر پی ٹی آئی ہر سیٹ پر الیکشن لڑے گی: حامد خان

Published On 02 November,2023 05:06 pm

اڈیالہ: (دنیا نیوز) سینئر قانون دان حامد خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر پی ٹی آئی الیکشن میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے ہر سیٹ پر الیکشن لڑے گی۔

سینئر قانون دان حامد خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مقدمات بارے چیئرمین پی ٹی آئی ٹی سے ملاقات ہوئی ہے، ہمیں تشویش ہے چیئرمین پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملے کئے جا چکے ہیں، اتنے عرصہ سے انہیں ٹینشن میں رکھا ہوا ہے، سیاسی جماعتوں سے ہمیشہ بات ہوسکتی ہے، باقی کس سے بات ہوسکتی ہے وہ وقت کے ساتھ ساتھ ہوگا، ابھی پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم و جبر ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی جیل خانہ جات کی الیکشن کمیشن آمد، چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی بارے آگاہ کیا

حامد خان نے کہا کہ باقی جماعتوں کو کھلی چھٹی ہے، وہ اپنی سیاسی مہم چلا رہی ہیں، پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہا، ایک پارٹی کا سربراہ مجرم ہے اسے سرکاری پروٹوکول میں لایا گیا، ایسے شخص کو محسوس ہوتا ہے کہ پہلے سے ہی وزیر اعظم نامزد کر دیا گیا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ہر قسم کی سیاسی مہم سے روک دیا گیا ہے۔

حامد خان نے کہا کہ سائفر ایک جعلی کیس ہے، خواہ مخواہ بنایا گیا ہے، اس کے پیچھے کوئی ثبوت موجود نہیں، سپریم کورٹ نے ہمیشہ اوپن ٹرائل کے بارے میں کہا ہے، 2018ء میں شوکت صدیقی کا بھی اوپن ٹرائل ہوا، امید ہے یہاں بھی اوپن ٹرائل کا فیصلہ آئے گا، سیاسی مہم اور سیاسی آزادی کیلئے ہماری پٹیشن سپریم کورٹ میں 25 مئی سے پینڈنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت سے قبل 2 رکنی بنچ ٹوٹ گیا

سینئر قانون دان نے مزید کہا کہ پہلے اعلان میں جنوری کے آخری ہفتہ میں الیکشن کا کہا گیا اب فروری کا اعلان آگیا، یہ اپنے اعلان پر خود قائم نہیں ہیں، کیا اعتبار ہے کہ یہ اپنے اعلان پر قائم رہیں گے، وکیل نعیم حیدر پنجھوتہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹیم کو بتایا کہ پرامن احتجاج ہوا تھا، کسی کے پاس جلاؤ گھیراؤ کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔

حامد خان نے کہا کہ جے آئی ٹی نے جتنے سوالات کئے ان کے بھرپور جوابات دیئے گئے۔