لاہور: (دنیا نیوز) چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ و سابق گورنر چودھری محمد سرور نے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے صاف اور شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن، اعلیٰ عدلیہ اور صدر پاکستان کا 8 فروری کو الیکشن کا اعلان خوش آئند ہے۔
— Mohammad Sarwar (@ChMSarwar) November 3, 2023
چودھری محمد سرور نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کا اعلان ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرے گا، امید کرتا ہوں تمام ذمہ دار ادارے ملک میں شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ میسر ہونی چاہئے، شکوک وشبہات پر مبنی الیکشن پاکستان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔