سکھر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ آئندہ وزیراعظم پیپلزپارٹی کا ہوگا۔
سابق صوبائی وزیر اور پی پی رہنما ناصر شاہ نے روہڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پہلے بھی سیٹیں تھیں، اب مزید سیٹیں جیتیں گے، نااہلی کی وجہ سے ہماری سیٹیں جنوبی پنجاب میں کم کی گئیں، سینٹرل پنجاب میں ہمارا مقابلہ ضرور ہے، مگر لارجسٹ پارٹی پی پی ہی ہوگی۔
ناصر شاہ نے کہا کہ پی پی عوام کی پارٹی ہے، ہم نے غریب عوام کیلئے مائیکرو لون شروع کیا ہے، اب بھی نوجوانوں کیلئے نوکریاں نکالیں، جو نہیں چاہتے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں انہوں نے عدالت سے سٹے لے لیا ہے، کرونا، برسات اور سیلاب کی وجہ سے بھی سندھ میں بہت تباہی آئی۔
ناصر شاہ نے مزید کہا کہ میرے علم میں یہ بات ہے کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری ہے، بجلی کے بل بہت آرہے ہیں، ایسا اس لئے ہوا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پہلے آئی ایم ایف کے پاس نہیں گیا، گلے پڑا تو پھر آئی ایم ایف کے پاس گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی پالیسی کے باعث مہنگائی اور دیگر چیزیں بھگت رہے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا پی ٹی آئی نے جو شدت پسندی کا بیچ بویا اس کی وجہ سے جناح ہاؤس پر حملہ ہوا، جس سے خوش انڈیا ہو رہا تھا، آج بھی دہشتگرد حملے کر رہے ہیں، لیکن ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے، ہمارے ملک کو ملک دشمنوں نے سازش کے تحت نشانہ بنایا ہوا ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ہم سب پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سب کیلئے سب سے پہلے پاکستان ہے، پاکستان تاقیامت تک سلامت رہے گا، میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ اگلا وقت پیپلزپارٹی کا ہے۔