کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کو 6 ماہ میں قدموں پر کھڑا کریں گے، مسافت کی تھکن اب لمحوں کی مہمان ہے۔
ایم کیو ایم کی رابطہ مہم میں بھرپور پاور شور کا مظاہرہ کیا گیا، کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے برنس روڈ پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے سب سے ضروری شرط یہ ہے کہ جو اس کو پال رہا ہے اس کو پالو، اس شہر کو چلانے کی ذمہ داری برنس روڈ والوں پر آنے والی ہے، پاکستان کا مقدمہ ایم کیو ایم کے دو سینئر ڈپٹی کنوینرز نے رکھ دیا ہے۔
خالد مقبول نے کہا کہ کراچی بچے گا تو پاکستان بچے گا، کراچی خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، پندرہ سال سے کراچی کا یہ حال کرنے والوں کا دماغ ٹھیک نہ کیا گیا تو کچھ ٹھیک نہیں ہوگا، آئین ہماری حفاظت کر سکا نہ پاکستان اور جمہوریت کی حفاظت کر سکا۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ پورے پاکستان کی سب سے تجربہ کار شاہراہ پر بیٹھے ہیں، اب یہ راستہ منزل کی طرف جائے گا، پاکستان کو اس کی منزل کی جانب پہنچانا ہے، جاگیردارانہ جمہوریت کو جب تک جمہوریت کہا جاتا رہے گا پاکستان ترقی نہیں کرے گا، اس ملک کے وارث اس ملک کو سنبھالنے آرہے ہیں۔