کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی سے ثابت ہوگیا دو ہمسایہ ممالک ہمیں بلیک میل کررہے ہیں۔
نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی وہاں سے ہورہی ہے جن کی ہم نے 50 سال مہمان نوازی کی، بھارت اس خطے میں تباہی مچا کر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے۔
جان اچکزئی نے کہا کہ کینیڈین شہری کے قتل سے ثابت ہوگیا بھارت دہشت گرد ریاست ہے، بھارت کے خلاف تمام ثبوت ہونے کے باوجود عالمی طاقتوں کی خاموشی معنی خیز ہے، بلوچستان سے 54 ہزار سے زائد تارکین وطن واپس جا چکے ہیں۔
نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم بار بار چیخ رہے تھے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے را کا ہاتھ ہے، ہمیں دو طریقوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، سرحد پار سے حملے ہوتے ہیں، غیرقانونی غیر ملکیوں کو دی گئی سہولتیں افغانستان میں بھی نہیں مل سکتیں۔