کوئٹہ میں کانگو وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریڈ الرٹ جاری

Published On 05 November,2023 04:33 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں کانگو وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کانگو وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ لائیو سٹاک کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی، نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ وائرس سے متعلق عوام خصوصاً مال مویشیوں کی خرید وفروخت سے وابستہ افراد کو فوری آگاہی دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کانگو وائرس میں مبتلا سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر انتقال کرگئے

میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ مال مویشیوں کی چراگاہوں، ڈیری فارمز میں جانوروں پر جراثیم کش سپرے کیا جائے، کانگو وائرس کی اس نئی قسم سے ہونے والا بخار جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، علامات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی رہنمائی فراہم کی جائے۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو آگاہی دی جائے کہ تیز بخار، جسم میں شدید درد اور کانگو کی دیگر علامات کی صورت میں ہسپتال اور ڈاکٹروں سے فوری رجوع کیا جائے، ہسپتالوں میں جراثیم کش ادویات، سپرے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کثیر الجہتی اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام کو آگاہی دیں۔