کے ایم سی کے افسروں نے اربوں روپے کی اراضی ٹھکانے لگا دی

Published On 07 November,2023 06:50 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے ایم سی کے افسروں نے اربوں روپے کی اراضی کو ٹھکانے لگا دیا۔

اورنگی ٹاؤن شپ میں سکول اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کی سرکاری اراضی پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے، سابق پراجیکٹ ڈائریکٹراورنگی ٹاؤن نے 70 ہزار گز سرکاری اراضی لیز کر ڈالی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ’دنیا نیوز‘ کو موصول ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 گلشن بہار میں نارویجن سکول اور نارویجن ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کیلئے مختص اراضی پر قبضہ کیا گیا، اورنگی ٹاؤن سیکٹر16 شیٹ ٹوکے پلاٹ نمبر309 کی اراضی 9969 گز پر محیط ہے جس کی 5000 گز اراضی پر قبضہ کیا گیا۔

Report Inquiry Committee - CP 2515 of 20 by Farhan Nazir on Scribd

رپورٹ میں مزید بتایا گیا اورنگی ٹاؤن سیکٹر16 شیٹ ون کا پلاٹ نمبر ایک 61 ہزار گز پر محیط ہے جہاں قبضہ کیا گیا، قبضہ کی گئی سرکاری اراضی پر جعلسازی کے ذریعے 13 رہائشی اور2 کمرشل پلاٹوں کو لیز بھی کر دیا گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن شپ عاطف جاوید خان نے جعلی لیز فراہم کی۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا سابق پراجیکٹ ڈائریکٹراورنگی ٹاؤن شپ رضوان خان نے ایڈیشنل ڈائریکٹر کو لیز کی اتھارٹی دی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن شپ عاطف جاوید خان کا سروس ریکارٖڈ ہی موجود نہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹرعبدالمنان قائمخانی نے لیز پر دستخط کئے۔

رپورٹ میں کہا گیا دستاویزات اور انکوائری میں تعاون طلب کرنے پر تعاون نہیں کیا گیا اور پیش بھی نہ ہوئے، سرکاری اراضی پر رہائشی پلاٹوں کی لیز سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کی اجازت سے فراہم کی گئی، انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارشات بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کو عدالتی کارروائی کیلئےارسال کردیں۔