کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے بلدیہ ٹاؤن سمیت کراچی کو مکمل تباہ کردیا۔
سعید آباد بلدیہ ٹاؤن میں عوامی رابطہ مہم سے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کون جیتا کون ہارا لیکن بلدیہ کےعوام نے ایم کیو ایم پاکستان کا دل جیت لیا، بلدیہ کے عوام کی غربت و پسماندگی دیکھ کر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے بلدیہ سے مجھے نامزد کر دیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماضی میں بلدیہ کے حالات ایسے نہ تھے، بلدیہ ٹاؤن کی عوام کو سات لاکھ گیلن پانی ایم کیو ایم نے دیا، آج بلدیہ ٹاؤن کی لائن میں لاتعداد غیرقانونی کنکشن لگا کر اس کو تباہ کر دیا گیا، بلدیہ ٹاؤن کی عوام کوکہتا ہوں تمام بروں میں ہم کم برے ہیں اور اپنی برائی مزید کم کررہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے کنوینر نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن میں سٹیڈیم، کالج، پارک، ہسپتال بنائے مگر پندرہ سال میں اس کو سنبھالنے کے بجائے تباہ کر دیا گیا، بلدیہ ٹاؤن کے عوام ایم کیو ایم پاکستان کو اپنی جماعت سمجھیں۔