کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد سے نیگلیریا کے خاتمہ کے لیے واٹر کارپوریشن نے تمام اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق نیگلیریا کی روک تھام کے لیے واٹر کارپوریشن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے کی، اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر عبدالحمید جمانی، ڈاکٹر ثاقب علی شیخ، ڈاکٹر سارہ سلمان، ڈاکٹر شکیب جان، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ آرائین شریک ہوئے۔
اجلاس میں انتخاب احمد راجپوت، الٰہی بخش بھٹو، فیصل قریشی سمیت تمام اضلاع کے ڈی ایچ اوز نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ادارے مل کر ایک مشترکہ گروپ بنائیں گے جس کے تحت نیگلیریا کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن محکمہ صحت کے ساتھ مل کر شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سیمپلنگ کر کے کلورینیشن کی مطلوبہ مقدار کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرے گا۔
سی او او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ واٹر کارپوریشن عالمی ادارہ صحت کے مقررہ کردہ معیار و مقدار کے مطابق شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار شامل کر رہا ہے۔
انجینئر اسد اللہ خان نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے ہائیڈرنٹس سے جانے والے تمام ٹینکرز میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کو برقرار رکھنے کے لیے کلورین ٹکیاں شامل کی جا رہی ہیں، واٹر کارپوریشن اپنی ضرورت کے مطابق ہر ماہ تقریباً 240 کلورین کے سلنڈر استعمال کرتا ہے۔
سی او او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ مضر صحت اور آلودہ پانی بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، واٹر کارپوریشن محکمہ صحت سمیت حکومت سندھ کے دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر نیگلیریا کے خلاف جنگ میں مصروف عمل ہے۔