کوئٹہ میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض دم توڑ گیا

Published On 06 November,2023 10:54 am

کوئٹہ: (دنیانیوز) کوئٹہ میں کانگووائرس کا ایک اور مریض دم توڑ گیا جس کے بعد رواں سال وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق  37سالہ مریض کو گزشتہ روز فاطمہ جناح ہسپتال لایا گیاتھا، جہاں مریض کے خون کے نمونے ٹیسٹ مثبت آیا ، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا ۔

رواں سال کانگووائرس کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کانگو وائرس کا شکار ہونےوالے سول ہسپتال کے ڈاکٹر شکراللہ خان کراچی میں انتقال کرگئے تھے ، کوئٹہ کے سول ہسپتال کے 5 ڈاکٹروں سمیت عملے کے 8 افراد کانگو وائرس کا شکار ہو ئے تھے جنہیں کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :کانگو وائرس میں مبتلا سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر انتقال کرگئے

دوسری جانب کوئٹہ میں کانگو وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔

نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ مال مویشیوں کی چراگاہوں، ڈیری فارمز میں جانوروں پر جراثیم کش سپرے کیا جائے، کانگو وائرس کی اس نئی قسم سے ہونے والا بخار جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، علامات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی رہنمائی فراہم کی جائے۔

کانگو وائرس کیا ہے؟

یہ وائرس مویشی گائے، بیل، بکری، بکرا، بھینس اور اونٹ، دنبوں اور بھیڑ کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہو جاتا ہے۔

اس بیماری میں جسم سے خون نکلنا شروع ہوجاتا ہے، خون بہنے کے سبب ہی مریض کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

یہ وائرس زیادہ تر افریقہ اور جنوبی امریکا ’مشرقی یورپ‘ ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں پایا جاتا ہے، اسی بنا پر اس بیماری کو افریقی ممالک کی بیماری کہا جاتا ہے ، یہ وائرس سب سے پہلے 1944 میں کریمیا میں سامنے آیا، اسی وجہ سے اس کا نام کریمین ہیمرج رکھا گیا تھا۔

کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے، اسے سردرد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری اور غنودگی، منہ میں چھالے، اورآنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے۔

علامات

 تیز بخار سے جسم میں سفید خلیات کی تعداد انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ مریض کے جسم سے خون نکلنے لگتا ہے اورکچھ ہی عرصے میں اس کے پھیپھڑے تک متاثر ہوجاتے ہیں، جبکہ جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔ اس لیے ہر شخص کو ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے۔

احتیاطی تدابیر

کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں، مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں، مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں، لمبی آستینوں والی قمیض پہنیں، جانور منڈی میں بچوں کو تفریح کرانے کی غرض سے بھی نہ لے جایا جائے۔