اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غزہ میں امن کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو غزہ میں امن کے لیے فوری اقدامات کرنا چاہیے ، بطور قابض طاقت اسرائیل کو چوتھے جینوا کنوینشن کا احترام کرنا چاہیے، ہم نے امریکہ کا غزہ میں چند گھنٹوں کی جنگ بندی کا بیان دیکھا ہے، ملٹری آپریشن میں ٹیکٹیکل وقفے انسانی امداد کے غزہ رسائی میں مددگار ثابت نہیں ہوسکتے ، پاکستان غزہ میں مکمل جنگ بندی کا حامی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم نے ازبکستان کا دو روزہ دورہ کیا، نگران وزیراعظم کی جانب سے دو روز قبل پریس کانفرنس میں اس حوالے سے پالیسی بیان دیا گیا ۔
ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تاشقند میں 16ویں ای سی او سمٹ میں شرکت کی، انہوں نے او آئی سی کے وژن پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، اجلاس میں خطے کی ترقی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا، انہوں نے سمٹ کی سائیڈ لائن پر ازبکستان اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ ملاقاتیں کیں ، نگران وزیراعظم آج او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایاکہ نگران وزیراعظم کا جمعہ کو پاکستان کی تارکین وطن پر پالیسی پر بیان بہت واضح تھا، نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں ہمیں افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحفظات ہیں ، ہم بارہا اپنے تحفطات سے افغان عبوری انتظامیہ کو آگاہ کر چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں آئین و قوانین ، مذہب پر عملدرآمد کی آزادی فراہم کرتے ہیں، پاکستانی قوانین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزہد کہا کہ اس ہفتے کے شروع میں جموں و کشمیر میں ڈوگرا راج، آر ایس ایس کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام ہوا، ہم اس واقعہ کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت کشمیریوں کے نا قابل تنسیخ حق خود ارادیت کا احترام کرے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔