اسلام آباد: (دنیانیوز) ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرابلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں، پاکستان کی جانب سے چارٹرڈ طیارہ ضروری طبی سامان لے کر آج اسلام آباد سے مصر کے لیے روانہ ہوگا جہاں سے انہیں غزہ پہنچایا جائے گا۔
ہفتہ واربریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرابلوچ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور فوری سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہیں ، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس سےغزہ کا معاملہ اٹھایا، اور غزہ میں قتل و غارت رکوانے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت فوری طور پر بند کی جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے، فلسطین میں پاکستانی فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں غزہ پر ٹھوس مؤقف اختیار کیا، فلسطینیوں کیلئے طبی امدادی سامان پر مشتمل چارٹرڈ طیارے آج مصر روانہ ہوگا، مصر سے امدادی سامان غزہ پہنچایا جائے گا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی کارروائی پر پاکستان نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے، سلامتی کونسل اسرائیلی بمباری کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے، وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں سعودی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقاتوں میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے مشترکہ اعلامیہ کا خیرمقدم کرتا ہے، اعلامیے میں فلسطینوں پر مظالم اور غزہ کے محاصرے اور بمباری کی مذمت کی گئی ہے اور انسانی ہمدردی پر امداد کے لئے کوریڈور بنانے کا مطالبہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نگران وزیراعظم اس وقت چین کے دورے پر ہیں اور چینی قیادت سے ملاقاتوں سمیت فورم میں شرکت کر رہے ہیں، نگران وزیراعظم کی سائیڈلائنز پر بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں، وہ آج چینی صدر سے ملاقات کریں گے اور کل وطن واپس آئیں گے۔
ترجمان نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے معاملے پر اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی ہمارے اس پلان میں شامل نہیں، غیر ملکیوں کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے وفاقی صوبائی سطح پر ہیلپ لائنز بنیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر کمیٹی بنے گی ، ڈیڈ لائن کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے کیسے ڈیل کرنا ہے۔