لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کل دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق لیگی قائد نواز شریف سے جام کمال، سلیم کھوسہ، عبدالرحمٰن کھیتران اور بلوچستان کی دیگر نامور شخصیات ملاقات کریں گی۔
قائد ن لیگ کے دورے سے پہلے ایاز صادق کوئٹہ پہنچے ہیں، ایاز صادق دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی کئی قد آور سیاسی شخصیات نواز شریف سے ملاقات کیلئے کوششیں کر رہی ہیں، ملاقات کے بعد مذکورہ شخصیات مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
حال ہی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے والی کئی اہم شخصیات پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کریں گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز بھی نواز شریف کی ہمراہ بلوچستان جائیں گے، بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کے قائدین بھی نواز شریف سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا سیاسی اتحاد تشکیل پانے کا بھی امکان ہے۔