18 سال بعد سبی ہرنائی ٹرین سروس بحال

Published On 29 October,2023 12:38 pm

کوئٹہ: (دنیانیوز) 18 سال بعد سبی ہرنائی ٹرین سروس بحال کردی گئی ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے سبی ہرنائی ٹرین کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

سبی ہرنائی ٹرین سروس کی بحالی کے لیے سبی ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ ، ڈی آئی جی سبی ڈی ایس ریلوے بلوچستان اور معتبرین نے شرکت کی۔

سبی تا ہرنائی ٹرین سروس بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو دوبارہ سے کھولا گیا ہے۔

علی مردان ڈومکی کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک فروری 2006ء میں بند ہوا تھا، عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، نگراں حکومت کو اعزاز حاصل ہے کہ 18 سال بعد ٹرین سروس بحال کی۔

انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو بولان میل بھی بحال کردی جائے گی، دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس بحال کی جائے گی۔

نگران وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ ہرنائی پسنجر ٹرین کے ساتھ ہی مال بردار ریل چلنے کا اعلان بھی کرتا ہوں ، جلد بلوچستان میں ٹرینوں جال بچھا دیا جائے گا ، کوئٹہ چمن ٹرین کا ٹریک بھی مزید مضبوط کیا جا رہا ہے، ہرنائی ٹرین کی بحالی میں ایف سی بلوچستان لیویز فورس دوسرے سکیورٹی فورسز نے رات دن کام کر کے بحال کیا۔